نئی دہلی: 2023ء کے بعد پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک کا بھارت میں خطاب

نئی دہلی ( خبر ایجنسیاں) پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمہ فورم میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں ہیں۔ مئی 2023ء میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورے کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی تہذیب اور تاریخی ورثے کو موسمیاتی تبدیلی کے نئے خطرے کا سامنا ہے۔ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے تین اہم ادوار کا امین ہے جبکہ دہلی کا پرانا قلعہ بذاتِ خود تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کے مختلف ادوار کے حکمرانوں نے مل کر اس قلعے کے تاریخی ورثے کو تشکیل دیا۔ وسطی ایشیا سے آنے والے ہمایوں نے اس قلعے کی بنیاد رکھی جبکہ ایک دوسرے کے حریف ہمایوں اور شیر شاہ سوری آج اسی قلعے کی تاریخ کا حصہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی روابط شمال میں بخارا اور سمرقند جبکہ مغرب میں فارس اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔ گندھارا کا بدھ فنِ تعمیر شاہراہِ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔

ان کے مطابق وادی سندھ، گندھارا، وسطی ایشیا، فارس اور عرب کے تاریخی و ثقافتی روابط ہماری تہذیبی تاریخ کا اہم امتزاج ہیں۔ڈاکٹر مصدق ملک نے اپنے خطاب میں ثقافتی ورثے کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے علاقائی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔