وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے

نیویارک(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچ گئے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور مذاکرات، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے، امن و استحکام کے فروغ کیلئےپاکستان کی فعال سفارتی اور ثالثی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔شہباز شریف پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق پاکستان کی ترجیحات بھی عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔

وزیراعظم اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت دیگر اہم عالمی امور پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔