ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کےخلاف سنچری بناکر کئی ریکارڈ توڑ ڈالے

آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں فارم میں واپس آتے ہوئے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اپنے کیریئر کی 30 ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔

پرتھ میں 36 سالہ کوہلی نے سنچری بناتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، لٹل ماسٹر نے آسٹریلوی سرزمین پر 20 ٹیسٹ میچ میں 6 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ ویرات کوہلی نے 14 ٹیسٹ میچز میں 7ویں سنچری اسکور کی۔

پہلی اننگز میں صرف 5 رنز پر آؤٹ ہونے والے کوہلی نے اس بار پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک کا جم کر مقابلہ کیا، وہ آسٹریلیا کی سرزمین پر سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے والے بھارتی بیٹر بھی بنے۔

کوہلی 30ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کرنے کے ساتھ عظیم آسٹریلوی بیٹر سر ڈان بریڈمین سے بھی آگے نکل گئے جنھوں نے اپنے کیریئر میں 29 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں اس وقت بھارت کے سابق لیجنڈ بیٹر سچن ٹنڈولکر ٹ 51 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، ان کے بعد جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر جیک کیلس 45 ٹیسٹ سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

آسٹریلیا کے ایک اور لیجنڈ بیٹر اور ورلڈکپ وننگ کپتان رکی پونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، اس کے علاوہ کوہلی اپنے کیریئر میں اب تک 30 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں