ٹرمپ کے ایک گھنٹے میں کیے گئے 7 دعوے جھوٹے ہیں:اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ

تہران( ایرانی میڈیا)ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے اور تمام کے تمام جھوٹے ہیں۔

اپنے بیان میں قالیباف نے کہا کہ اس طرح کے دعوؤں سے نہ تو امریکا کو فاتح قرار دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان سے مذاکرات میں کوئی مثبت پیش رفت ممکن ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا کی جانب سے گزرگاہوں پر رکاوٹیں برقرار رہیں تو آبنائے ہرمز کھلی نہیں رہے گی اور وہاں سے گزرنے والے جہازوں کو مخصوص راستوں پر ہی سفر کرنا ہوگا، جس کیلئےایران کی اجازت لازمی ہوگی۔

اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھلی رہے یا بند ہو، اس کا فیصلہ زمینی حقائق کے مطابق ہوگا نہ کہ سوشل میڈیا بیانات کی بنیاد پر۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا وار اور عوامی رائے کو متاثر کرنا بھی جنگ کا حصہ ہوتا ہے، تاہم ایرانی عوام ایسے حربوں سے متاثر نہیں ہونگے۔محمد باقر قالیباف نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق مستند معلومات کیلئے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیانات کو دیکھنا چاہیے۔