پاسداران انقلاب کا خلیج میں لنگرانداز جہازوں کو حرکت نہ کرنے کا حکم

تہران ( ایرانی میڈیا، عالمی خبر رساں ادارے)ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے خلیج میں لنگر انداز تمام جہازوں کو حرکت نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے کو دشمن کے ساتھ تعاون تصور کیا جائے گا۔

پاسداران انقلاب کی نیوی کا کہنا ہے کہ تمام بحری جہاز اور ان کے مالکان ایرانی اعلانات کی پابندی کریں، آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کی کوئی حیثیت نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں جاری وارننگ کو نظر انداز کرنے والے کسی بھی جہاز کو نشانہ بنایا جائے گا۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکی بحریہ نے ایرانی جہازوں پر حملہ کیا تو اسے سخت جواب دیا جائیگا اور آبنائے ہرمز امریکی ناکہ بندی کے خاتمے تک بند رہے گی۔اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا تھا کہ ایرانی بحریہ دشمنوں کو نقصان پہنچانے اور انہیں نئی شکست دینے کیلئےمکمل طور پر تیار ہے۔