پاکستانی ہائی کمشنر عرفان شوکت نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل کو اسنادِ سفارت پیش کر دیں

کینبرا (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے نئے ہائی کمشنر عرفان شوکت نے آسٹریلیا کی گورنر جنرل سیم موسٹن اے سی کو اپنی اسنادِ سفارت پیش کر دیں۔ دارالحکومت کینبرا کے گورنمنٹ ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔

ہائی کمشنر عرفان شوکت نے اس موقع پر پاکستان کی سیاسی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام گورنر جنرل تک پہنچایا، جس پر گورنر جنرل نے بھی مثبت جذبات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنے خیر مقدمی کلمات کے جواب میں ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید توسیع دینے اور مضبوط بنانے کیلئےانتھک کوششیں جاری رکھیں گے، خصوصاً سیاسی، معاشی، تعلیمی اور سائنسی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا۔

ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ملکوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔تقریب کے اختتام پر دونوں فریقین نے مستقبل میں بھی باہمی تعاون اور دوستی کے سفر کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں