پرتھ ٹیسٹ: بھارت کے بعد آسٹریلین بلے باز بھی ناکام، پہلے دن 17 وکٹیں گر گئیں

آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن 17 وکٹیں گر گئیں بھارت کے بعد کینگروز بھی بیٹنگ میں ناکام رہے۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کا پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ آغاز ہوگیا ہے۔ میچ کا پہلا دن ہی سنسنی خیز ثابت ہوا ہے اور روز اول 17 وکٹیں گر گئیں۔

بھارتی سورما جہاں دوسرے سیشن میں 49.4 اوورز کھیل کر صرف 150 رنز پر ڈھیر ہوگئے تو وہیں پہلے روز کھیل کے اختتام تک کینگروز کی بھی 7 وکٹیں صرف 67 رنز پر گر گئیں اور اسے اب بھی 83 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

آسٹریلوی بیٹنگ کا آغاز بھی تباہ کن ہوا اور آدھی ٹیم 39 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ کینگرو کی مضبوط بیٹنگ میں دراڑ بھارتی کپتان جسپرت بمراہ نے ڈالی جنہوں نے ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرکے آسٹریلیا کو بیک فٹ پر جانے پر مجبور کر دیا۔

عثمان خواجہ (8)، ناتھن میک سوینی (10) اور اسٹیون اسمتھ (0) بمرا کی وکٹیں بنے۔ لبھوشن کو 2 کے انفرادی اسکور پر محمد سراج نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔

مچل مارش کو محمد سراج نے اپنا دوسرا شکار بنایا تو ٹریوس ہیڈ کو ہرشتھ رانا نے بولڈ کر کے اپنی پہلی وکٹ بنایا۔ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی وکٹ بمراہ نے حاصل کی۔

پہلے دن کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا کے 7 وکٹوں پر 67 رنز بن چکے ہیں۔ مچال اسٹارک 6 اور ایلکس کیری 19 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل جب بھارتی کپتان جسپرت بمراہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم دوسرے سیشن میں 150 رنز پر ڈھیر ہوکر پویلین لوٹ گئی۔

بھارت کی جانب سے کوئی بلے باز نصف سنچری بھی اسکور نہ کر سکا اور نتیش کمار ریڈی 41 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ویرات کوہلی کی ناکامی کا سلسلہ دراز ہوگیا اور وہ صرف 5 رنز ہی بنا سکے۔ بھارت کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

رشبھ پنت 37 اور کے ایل راہول 26 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے جب کہ یشوی جیسپال، دیودت پڈیکال رنز کا کھاتہ ہی نہ کھول سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 29 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور مچل مارش نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کا حصہ ہے اور بھارت کو آئندہ سال جون میں چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے لیے اس سیریز میں لازمی فتح درکار ہے۔

سیریز ڈرا ہونے یا ہارنے کی صورت میں بھارت کو فائنل میں پہنچنے کے لیے دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔

بھارت کو حال ہی میں نیوزی لینڈ نے اسی کی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا جب کہ اس سے قبل اس کو سری لنکا نے ٹیسٹ سیریز میں ہرایا۔

اپنا تبصرہ لکھیں