پیرو کے دارالحکومت لیما میں مسافر طیارے کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی، تمام مسافر محفوظ

لیما (خبر ایجنسیاں) جنوبی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما کے جارج شاویز ہوائی اڈے پر فضائی کمپنی لیٹم ایئرلائنز کے مسافر طیارے کے بائیں انجن اور پر میں اڑان بھرنے سے کچھ دیر قبل اچانک آگ لگ گئی، تاہم طیارے میں سوار تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پرواز ایل اے 230 شمالی پیرو کے شہر پیورا روانہ ہونے کے لیے رن وے پر آگے بڑھ رہی تھی کہ اچانک تکنیکی مسئلے کے باعث انجن سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے اور سیاہ دھواں نکلنے لگا۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو فوری طور پر روک دیا گیا اور احتیاطی تدابیر کے تحت تمام مسافروں کو جہاز سے بحفاظت اتار لیا گیا۔ واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

ہوائی اڈے کے فائر اینڈ ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل پروازوں کا انتظام بھی کیا۔