اسلام آباد (نامہ نگار )وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتیں مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں، اب ملاقات کی اجازت ہوگی اور نہ ہی جیل کے باہر کسی قسم کا ہجوم اکٹھا کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر سے ملک کے خلاف سازش اور بھارتی چینلز کو انٹرویوز دیے جاتے تھے، اب ہجوم جمع کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک کیلئے خطرہ ہیں، وہ ملک کو ڈیفالٹ کروانا چاہتے تھے اور آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، جو دشمن بھی نہیں کرتا وہ پی ٹی آئی نے کیا۔
عطا تارڑ کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران سیاسی ہدایات دی جاتی تھیں جو قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسی لیے ملاقاتیں بند کی گئی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جیل کے باہر کسی نے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کا دروازہ اب بند ہو چکا ہے کیونکہ انہوں نے اپنا موقع گنوا دیا ہے، کسی انتشاری، دہشت گرد یا انتہاپسند سوچ رکھنے والے سے بات نہیں ہوگی، اگر بات کرنی ہے تو پارلیمنٹ میں کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اگر کوئی راستہ چاہیے تو انہیں معذرت کرنا ہوگی اور ماننا ہوگا کہ ان کے قائد نے غیر ذمہ دارانہ اور نقصان دہ بیانات دیے، بانی پی ٹی آئی نے اپنی جماعت کو بھی مشکل میں ڈالا ہے اور کئی رہنما خود اعتراف کرتے ہیں کہ وہ غلط سمت میں لے گئے۔

