ڈبلیو ٹی اے فائنلز سے قبل عالمی شہرت یافتہ ٹینس کھلاڑیوں کا فیشن سے بھرپور منفرد فوٹو شوٹ

انڈین ویلز (ڈبلیو ٹی اے) سال کے اختتامی ٹینس مقابلے ڈبلیو ٹی اے فائنلز 2026ء سے قبل دنیا کی صفِ اول کی خواتین ٹینس کھلاڑیوں نے روایتی کھیلوں کے لباس سے ہٹ کر منفرد اور دلکش انداز میں فوٹو شوٹ کرایا، جس میں کھلاڑیوں نے معروف عالمی فیشن برانڈز کے ملبوسات زیب تن کیے۔

خواتین ٹینس کی عالمی تنظیم کے مطابق اس سال کھلاڑیوں کے انفرادی انداز، شخصیت اور فیشن سے ان کی دلچسپی کو نمایاں کرنے کے لیے فوٹو شوٹ کا منفرد تصور پیش کیا گیا۔ تصاویر میں کھلاڑیوں کو شائقین کے انداز میں مقابلے دیکھتے، خوشی کا اظہار کرتے اور کھیل کے ماحول سے لطف اندوز ہوتے دکھایا گیا ہے۔

فوٹو شوٹ میں عالمی نمبر ایک آرینا سبالینکا نے گوچی اور نائیکی، کوکو گوف نے میو میو، ایلینا ریباکینا نے ڈائر، جیسیکا پیگولا اور میرا اینڈریوا نے چینل، ایلینا سویٹولینا نے ٹام فورڈ جبکہ کرولینا موچووا نے بالینسیاگا کے ملبوسات پہنے۔

لنڈا نوسکووا نے روایتی فیشن سے ہٹ کر منفرد انداز اپنایا، جس میں مختلف تہہ دار ملبوسات اور لمبے جوتے شامل تھے۔ ڈبلز مقابلوں میں حصہ لینے والی کھلاڑیوں کے لیے بھی الگ فوٹو شوٹ کیا گیا۔

تصاویر امریکی فوٹوگرافر اینا ویبر نے کھینچیں، جبکہ کلارا بالزاری نے کھلاڑیوں کے مختلف گروپوں کی خصوصی تصاویر تیار کیں۔ اس مرتبہ تمام سنگلز کھلاڑیوں کی ایک مشترکہ گروپ تصویر کے بجائے انفرادی اور چھوٹے گروپوں پر مشتمل تصویری سلسلہ پیش کیا گیا۔

ڈبلیو ٹی اے فائنلز 8 سے 15 نومبر تک امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر انڈین ویلز میں منعقد ہوں گے۔ مقابلوں میں سنگلز اور ڈبلز کی آٹھ، آٹھ بہترین ٹیمیں شرکت کریں گی، جبکہ مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالر رکھی گئی ہے۔