پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر مردوں کا طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔

اسلام آباد کے مصحف اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نور زمان نے جنوبی کوریا کے جیونگ من ریو کو 5-11، 7-11 اور 11-13 سے شکست دی، جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 6-11، 5-11 اور 4-11 سے ہرا کر پاکستان کی کامیابی یقینی بنادی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن بن گیا جبکہ جنوبی کوریا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کے مقابلوں میں ہانگ کانگ اور ملائیشیا نے کانسی کے تمغے جیتے۔

خواتین کے مقابلوں میں ہانگ کانگ نے ملائیشیا کو 1-2 سے شکست دے کر ٹائٹل حاصل کیا، جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم جنوبی کوریا سے 0-3 سے ہارنے کے بعد پانچویں نمبر پر رہی۔

چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر مارشل کاظم حماد، سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر اور سابق عالمی چیمپئنز گوگی علاؤالدین، قمر زمان اور جان شیر خان نے شرکت کی۔پاکستان اسکواش فیڈریشن کے مطابق چیمپئن شپ میں ایشیا کی 6 ٹیموں نے مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں حصہ لیا۔