سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 7 بنگلادیشی جاں بحق، 15 زخمی

جدہ (خبر ایجنسیاں) سعودی عرب میں مدینہ منورہ سے جدہ جانے والی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 بنگلادیشی شہری جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے۔

بنگلادیشی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ ہفتے 7 نومبر کی علی الصبح مدینہ منورہ اور جدہ کے درمیان شاہراہ پر پیش آیا، جہاں اطلاعات کے مطابق ایک ٹرک نے بنگلادیشی مسافروں کو لے جانے والی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کا تعلق بنگلادیش کے ضلع کاکس بازار سے تھا۔ بنگلادیشی قونصل خانے کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق مختلف خاندانوں سے تھا۔ جاں بحق افراد میں ضیاء الرحمٰن، ان کے 3 بچے، عالم شاہ، ان کی ایک ماہ کی بیٹی اور ایک دوسرے شہری کی اہلیہ شامل ہیں۔

زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت اور مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

بنگلادیشی قونصل جنرل جدہ نے سعودی حکام سے رابطہ کرکے حادثے کی تفصیلات اور جاں بحق افراد کی شناخت کی تصدیق کی ہے۔ قونصل خانے کے حکام کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو ضروری معاونت فراہم کی جائے گی اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں بنگلادیش منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی ایک پاکستانی شہری چلا رہا تھا اور اس کی رفتار تقریباً 160 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔ سعودی ٹریفک حکام نے تیز رفتاری کے باعث گاڑی بے قابو ہونے کا شبہ ظاہر کیا، تاہم ڈرائیور کا دعویٰ ہے کہ ٹائر پھٹنے سے حادثہ پیش آیا۔ واقعے کی اصل وجہ سعودی حکام کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔