کراچی سے لاپتہ 14 سالہ لڑکی اٹک سے بازیاب کرالی گئی،ملزم گرفتار

کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے پاک کالونی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی کو پنجاب کے ضلع اٹک سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن کیماڑی ماجدہ پروین ہالیپوٹو نے بتایا کہ لڑکی 16 ستمبر کو گھر سے سودا لینے کے لیے نکلی تھی، جس کے بعد لاپتہ ہوگئی۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ پاک کالونی میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے تفتیش اور تکنیکی معلومات کی مدد سے لڑکی کا سراغ لگایا اور اٹک میں کارروائی کرکے اسے بازیاب کرا لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عمر شہزاد صادق کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔