دی ہیگ (خبر ایجنسیاں) امریکی شہریوں اور انسانی حقوق کے وکلا پر مشتمل ایک وفد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سمیت اعلیٰ امریکی حکام کے خلاف غزہ میں مبینہ جنگی جرائم، نسل کشی میں معاونت اور انسانیت کے خلاف جرائم کے شواہد عالمی فوجداری عدالت میں پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹیکس پیئر الائنس اگینسٹ جینوسائیڈ نامی اتحاد کے مطابق وفد 11 نومبر کو نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں عالمی فوجداری عدالت کے دفترِ استغاثہ میں شواہد جمع کرائے گا اور متعلقہ امریکی حکام کے وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کرے گا۔
اتحاد کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک سال کے دوران جمع کیے گئے شواہد میں غزہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کے حلفیہ بیانات، عینی شاہدین کی گواہیاں، مخبر افراد کے بیانات، ویڈیوز اور اسرائیل کے لیے امریکی سیاسی، عسکری، سفارتی اور مالی معاونت سے متعلق دستاویزات شامل ہیں۔
اتحاد کے مطابق یہ اقدام امریکی وفاقی عدالت کے ایک حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں تنظیم کے عالمی فوجداری عدالت کو شواہد فراہم کرنے کے آئینی حق کو تحفظ دیا گیا۔
وفد میں انسانی حقوق کے وکلا، طبی ماہرین اور فلسطینی حقوق کے لیے سرگرم کارکن شامل ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز بھی اس موقع پر خطاب کریں گی۔
تاہم یہ الزامات تاحال عالمی فوجداری عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور شواہد جمع کرانے کے اعلان کا مطلب یہ نہیں کہ عدالت نے تحقیقات یا وارنٹِ گرفتاری جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

