جمہوریت بہترین انتقام ہے

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو ایک جملہ کہا کرتی تھیں کہ ”جمہوریت بہترین انتقام ہے“۔ ان کا یہ جملہ ان معانی میں تھا کہ جس آمر مطلق یعنی جنرل ضیاء الحق نے ان کے باپ کی حکومت ختم کر کے اسے پھانسی پر لٹکایا تو وہ بھی اقتدار میں نہیں رہ سکا اور بالآخر اس کو بھی ”ایک حادثے میں“ دنیائے فانی سے رخصت ہونا پڑا اور پیپلز پارٹی دوبارہ اقتدار میں آگئی۔ یعنی آمریت کا خاتمہ ہوا اور جمہوریت کی واپسی اور جیت ہوئی۔ جمہوریت کی واپسی تو یقینا ہوئی لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں عوام کو جمہوریت کی واپسی یا رخصتی سے کبھی کچھ نہیں ملا۔جمہوریت میں عوام کیسے انتقام لے سکتے ہیں یہ امریکی عوام نے کر دکھایا ہے۔ امریکی عوام نے صدر ٹرمپ کو ان کے دو سالہ اقتدار میں کئے گئے ”حسنِ سلوک کی سزا“ ان کے دور اقتدار کے عین درمیان مڈٹرم الیکشن میں ان کی پارٹی کو شکست دے کر دی ہے اور شکست بھی ایسی کہ دونوں ایوانوں یعنی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اب ڈونلڈ ٹرمپ کی پارٹی ری پبلکن کی نہیں بلکہ ان کی مخالف جماعت ڈیموکریٹ کا راج ہو گا(جس کا انتخابی نشان گدھا ہے۔)

مڈ ٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی فتح کو ”نیلی سونامی یا نیلی لہر“ قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈیموکریٹس کی شناخت نیلے رنگ اور ری پبلیکنز کی سرخ رنگ سے کی جاتی ہے۔ اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق نیلا سونامی ری پبلیکنز کے گڑھ بہا لے گیا۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل اور نیویارک پوسٹ نے ڈیمو کریٹس کی کامیابی کو نیلی لہر قرار دیا جو سب بہا لے گئی۔ وائس آف جرمنی نے ری پبلیکنز کی شکست کو انتخابی دھچکا قرار دیا اور کہا امریکیوں نے دونوں ایوان ڈیموکریٹس کے حوالے کر دیے۔ گارڈین کا کہنا تھا ری پبلیکنز صدمے کی حالت میں ہیں۔ نیویارک ٹائمز کا کہنا تھا طاقت کا توازن بدل گیا۔صدر ٹرمپ کے جنگی جنون، دنیا بھر کی دولت پر قبضے کی خواہش سے تنگ،بڑھتی مہنگائی سے پریشان امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کی رشوت کی پیشکش بھی ٹھکرا دی۔صدر ٹرمپ نے سرعام اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی الیکشن جیت گئی اور عوام نے ڈیموکریٹک پارٹی کو ہرا دیا تو وہ ہر امریکی کو پانچ ہزار ڈالر دیں گے، لیکن ان کی (پاکستانی روپوں میں لکھ پتی بنانے کی پیشکش) کو عوام نے ٹھکرا دیا اور ثابت کر دیا کہ دنیا کے طاقتور ترین صدر کو عوام ووٹ کی طاقت سے ٹھکرا اور ہرا سکتے ہیں۔ یہی جمہوریت کا حسن ہے کہ ووٹرز نے دنیا کے طاقتور ترین صدر کی ”رشوت کی پیشکش“ مسترد کر دی۔اصل جمہوریت یہی ہے کہ امریکیوں نے پیسہ مسترد کیا۔ اپنا ووٹ فروخت نہیں کیا اور ثابت کیا کہ ووٹر برائے فروخت نہیں ہوتا۔

جمہوریت کا انتقام یہ بھی ہے کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے جس وائس ایڈمرل نینسی لیکور کو نوکری سے نکالا تھا وہ جنوبی کیرولینا سے کامیابی حاصل کر کے کانگرس کی ممبر بن گئی ہیں اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پیٹ کی دفاعی پالیسیوں پر ان کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔ ڈیمو کریٹ سینیٹر چک شومر کا کہنا ہے کہ عوام نے امریکی تاریخ کے بدترین صدر اور کرپٹ ترین انتظامیہ کو فارغ کر دیا ہے۔اس الیکشن میں سینکڑوں میل دور خلا میں موجود خلائی سٹیشن سے بھی تین ووٹ ڈالے گئے۔صدر ٹرمپ کے ایک بیان سے بڑی حیرانی ہوئی کیونکہ ہم نے اپنے ملک میں ایسے جملے نہیں سنے۔ دھمکیاں دینے کے عادی صدر نے اپنی پارٹی کی شکست کو قبول کرتے ہوئے ڈیمو کریٹس کیساتھ مل کر کام کرنے کی بات کہہ دی اگرچہ ساتھ ہی دھمکی بھی دی ہے کہ اگر ڈیموکریٹس نے رکاوٹیں کھڑی کیں تو وہ صدارتی ویٹو استعمال کریں گے۔ ہمارے ہاں تو الیکشن ہارنے کے باوجود بھی کہا جاتا ہے کہ حکومت تو ہم ہی بنائیں گے اور ساری پارٹیاں اکٹھی کر کے،اکثریتی نشستیں جیتنے والی جماعت کے ممبران کو خرید کر (لوٹا بنا کر) بھی اپنی حکومت بنانے کا ڈول ڈالنے کی کوشش ہوتی ہے۔ دنیا کے طاقتور ترین صدر نے اپنی شکست کو دِل سے قبول کیا یا نہیں لیکن عوام کے سامنے ضرور قبول کیا ہے اور ڈیموکریٹس کے ساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ یعنی کہ طاقتور ترین صدر کو بھی پتہ ہے کہ اب اسے مل کر چلنا پڑے گا۔

مڈٹرم انتخابات کانگریس کی 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر کروائے گئے۔ کانگریس کے انتخابات دو سال اور سینٹ کے انتخابات چھ سال کی مدت کیلئے ہوتے ہیں۔ صدر ٹرمپ اقتدار میں آئے تو ری پبلیکنز کو کانگرس اور سینٹ میں معمولی اکثریت حاصل تھی۔ مڈٹرم انتخابات کے بعد صورتحال تبدیل ہو گئی ہے اور ڈیموکریٹس کو دونوں ایوانوں میں واضح برتری حاصل ہو چکی ہے۔ کانگرس میں ان کی تعداد 258 اور ری پبلکنز کی 177 ہے جبکہ سینٹ میں ڈیموکریٹس کی تعداد 54 اور ری پبلیکنز کی 44 ہو گئی ہے۔ اس طرح سینیٹ میں 10 ارکان کی برتری کے باوجود ڈیموکریٹس صدر کا مواخذہ کرنے کے اہل نہیں بن سکے۔ صدر کا مواخذہ کرنے کیلئے دو تہائی یعنی 67 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے اور ڈیموکریٹس کے پاس 13 سینیٹرز کم ہیں۔

مڈ ٹرم انتخابات میں مختلف ریاستوں کے گورنروں کا چناؤ بھی کیا گیا۔ ڈیموکرہٹس نے 16 اور ری پبلکنز نے 10 ریاستوں میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد ڈیموکریٹ گورنروں کی تعداد 28 اور ری پبلیکنز کی 20 ہو گئی ہے۔ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تین سیاہ فام بیک وقت گورنر بننے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سیاہ فام خاتون بھی کسی سٹیٹ کی گورنر بنی ہیں۔ اٹلانٹا کی سابق مئیر ڈیمو کریٹ کیشا لانس باٹمز نے کاروباری شخصیت ریپبلکن رک جیکسن کو شکست دیکر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ مڈٹرم انتخابات کے بعد اب ایک نئی تاریخ بھی لکھی جانے والی ہے کہ امریکہ کی 237 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سیاہ فام امریکن کانگرس کے سپیکر کا عہدہ سنبھالے گا۔ ڈیمو کریٹ پارٹی کے منتخب اراکین تین جنوری 2027ء کو حلف اٹھائینگے اور سپیکر کا الیکشن ہو گا، جس میں کامیابی کیلئے جیفریز کو 218 ووٹ درکار ہوں گے۔ جیفریز نے اپنی کامیابی کے بعد تقریر میں کہا ہے کہ امریکی عوام نے انتہا پسندی اور بدعنوانی کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔