تدبر جیتا، تکبر ہارا

دنیا کی سب سے طاقتور ریاست امریکہ میں مطلق العنانی حقارت سے مسترد کر دی گئی ۔امن جیت گیا جنگ جوئی کا سقوط ہو گیا۔ایک خود پسند صدر کی رعونت دھری کی دھری رہ گئی۔امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کا یہ تو جذباتی تجزیہ ہو گیا ۔

اصل فتح اس میں ڈیموکریٹس کی سیاسی حکمت عملی کی ہوئی ہے۔ جو دو سیاہ فاموں اوباما اور جیفری کی قیادت میں امریکیوں نے مرتب کی۔ تاریخ دیکھ رہی تھی اس سفید فام امریکی صدر کی خود سری بڑھتی جا رہی ہے۔ اس نے ببانگ دہل کہا کہ اب میں بادشاہت کروں گا۔ وائٹ ہاؤس میں اپنے لیے شاہانہ کرسی بھی لگائی۔ صدارتی محل کو عشرت گاہ میں منتقل کر دیا ۔ٹرمپ نے کہا کہ میری مرضی ہی اب قانون ہے۔ میں ہر قانون سے بالاتر ہوں۔ میرا خاندان ہی سب کچھ ہے دوسرے ملکوں سے سارے اقتصادی معاہدے اس کے بیٹے ،اس کے داماد کر رہے تھے ۔اگر غور سے دیکھا جائے تو نومبر 2026کے سینٹ اور ایوان نمائندگان کے الیکشن میں ٹرمپ کی ذات اور غلط پالیسیوں سے عوامی نفرت فتح کی بنیاد بنی ہے۔ یہ نفرت اتنی طاقتور کیوں ہوئی اسلئے کہ امریکی عوام 250سال سے نسل در نسل جمہوری شعور کی آبیاری کرتے آرہے ہیں جو انہیں بڑی قربانیوں کے بعد میسر آیا تھا۔ کتنی خانہ جنگیاں ۔کتنے صدور کی ہلاکتیں کبھی سیاہ فام اپنے حقوق کے حصول کیلئےغلامی کا طوق اتار رہے ہیں۔ کبھی محنت کش شکاگو میں اپنا خون بہا رہے ہیں۔ کبھی عورتیں اپنے ووٹ کیلئے سڑکوں پر ہیں ۔امریکہ دوسری جنگ عظیم کے بعد دنیا پر نئی نئی جنگیں مسلط کرتا رہا ہے۔ کبھی کمیونزم کی یلغار روکنے کیلئے۔ کبھی مشرق وسطیٰ میں سیاسی اور عسکری غلبہ حاصل کرنے کیلئے۔ یہودی لابی نے امریکہ کو اپنا یرغمال بنا لیا تھا۔ امریکہ برطانیہ نے مل کر مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کا کیکٹس کاشت کیا۔ اسرائیل کو نا قابل تسخیر بنانےکیلئے امریکہ نے بے تحاشا فنڈز دیے۔ ہتھیار دیے۔ ایشیا اور افریقہ میں عوام کی منتخب حکومتوں کے تختے الٹے۔ لوگوں کے منتخب حکمرانوں کو سازشوں سے ہلا ک کروایا لیکن امریکہ کے عوام نے اپنے ہاں جمہوریت کا تسلسل برقرار رکھا ۔

اب جس عشرے میں ہم سانس لے رہے ہیں اس میں ٹرمپ اگرچہ لوگوں کے ووٹ سے ہی حکمران بنے تھے لیکن ان کی مطلق العنانی نے دنیا میں تو ان کے خلاف نفرت پھیلائی ہے مگر خود امریکہ میں بھی وہ سخت ناپسندیدگی کی علامت بن گئے۔ ایک طرف ان کا لا ا بالی پن تھا اور کاروباری منافع خوری تھی۔ اپنے ہم وطنوں کے مسائل کا انہیں کوئی درد نہیں تھا۔ جہاں بھر کے مظلوموں کی سسکیاں انہیں سنائی نہیں دیتی تھیں۔ فلسطین میں ان کے دونوں ادوار میں ہزاروں انسانوں کو تہ تیغ کیا گیا۔ ہزاروں گھر مسمار کیے گئے۔

اسرائیل کے زندانوں میں، عقوبت خانوں میں فلسطینی نوجوانوں پر ایسے ایسے مظالم ڈھائے گئے کہ ہلاکو اور چنگیز کی روحیں بھی خوف کھانے لگیں ۔یورپ جو انسانی عز و شرف کا بڑا پرچارک بنتا تھا وہ بھی ٹرمپ کا ہم آواز بنتا رہا لیکن ٹرمپ نے اپنے آمرانہ غرور میں یورپ کو بھی روند ڈالا۔ کینیڈا میں بھی ان کے خلاف نفرت پھیلنے لگی۔ ڈنمارک بھی ان کی رعونت سے بیزار ہو گیا۔ فرانس نے بھی بغاوت کر دی۔ برطانیہ نے بھی فلسطین دشمنی میں ان کا ساتھ دینے سے انکار کیا ۔تین نومبر کو امریکی عوام نے ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو حقارت سے مسترد کر دیا۔ اب ٹرمپ امریکی سیاسی اصطلاح میں لنگڑی بطخ ہیں اور اردو محاورے میں کھسیانی بلی۔ ہمارے پرکھے کہہ گئے ہیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے۔ اپنے آپ سے لڑتے ہوئے اور جھلاتے ہوئے ٹرمپ کون سے کھمبے نوچ سکتے ہیں ۔آج امریکی تجزیہ نگار یہ بھی کہتے ہیں کہ لنگڑی بطخ زیادہ خطرناک ہو جاتی ہے۔ کیونکہ اسے الیکشن ہارنے کا ڈر نہیں ہوتا۔ تیسری بار صدارت کیلئے امیدوار نہیں بن سکتے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے۔ اس لیے مواخذے کی صورت نہیں بن سکتی غزہ فلسطین میں ٹرمپ کی شکست پر خوشیاں تو منائی گئی ہیں لیکن وہاں کوئی بڑی تبدیلی آنے کا امکان نہیں۔ مسلمان بادشاہتیں فلسطینیوں سے اسی طرح بیزار رہیں گی اور امریکہ کی کاسہ لیس بنی رہیں گی۔ البتہ جو حکمران ٹرمپ کی شہ پر مصاحب بنے اتراتے پھرتے تھے اب ٹرمپ انہیں آسانی سے فنڈز فراہم نہیں کر سکیں گے۔

تین جنوری 2027 کو جب امریکہ میں پہلے سیاہ فارم اسپیکر بنیں گے تو یہ حقیقی تبدیلی ہوگی ۔لیکن 20 جنوری 2029 تک ٹرمپ صدر رہیں گے یہ جو دو سال ہیں امریکہ میں مسلسل سیاسی معاشی اور انتظامی کشمکش رہے گی طاقت کے مراکز وائٹ ہاؤس۔ سینٹ۔ ایوان نمائندگان میں قانونی تصادم جاری رہے گا۔ دونوں ایوان قانون سازی کر سکتے ہیں لیکن وائٹ ہاؤس اس کو ویٹو کرتا رہے گا۔ اس طرح ان دو سالوں کو امریکہ کیلئے تعطل کے سال کہا جا سکتا ہے۔ یہ بھی امکان ہے کہ اس دوران نہ تو کوئی بڑی جنگ آئے گی اور نہ ہی ٹرمپ کے ہوتے ہوئے دنیا میں ایک بڑا امن قائم ہو سکے گا ۔

چین امریکہ کی اندرونی جنگ سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔اب وہ تائیوان کو آسانی سے چین میں ضم کر سکتا ہے۔ چین کیلئے پوری دنیا میں راستے کھل گئے ہیں۔ یورپ پہلے ہی چین کی طرف مائل ہوتا جا رہا تھا۔ انہی برسوں میں یورپی ممالک نے چین کے دورے کیے ہیں۔ نیٹو نے کئی یلغاروں میں امریکہ کا ساتھ نہیں دیا ہے ۔ڈیموکریٹس نے جس تدبر اور بصیرت سے یہ الیکشن جیتا ہے نومبر 2028 میں صدارتی الیکشن بھی وہ یقیناً جیت سکتے ہیں۔ ریپبلکن پارٹی تو اپنے زخموں پر پوری طرح مرہم نہیں رکھ سکے گی اور یہ بھی اب یقین ہے کہ کوئی امریکی صدر بادشاہ بننے کی کوشش نہیں کریگا ۔میں نے آپ کیلئے اس الیکشن کے نعرے جاننے کی کوشش کی ہے ۔جو پوری امریکی ریاستوں میں گونجتے رہے اور ووٹروں کے دل گرماتے رہے ۔عوامی زبان میں ملاحظہ کیجئے۔

’’ اپنا پیسہ اپنی جیب نہ کہ ٹرمپ کی پاکٹ ‘‘،’’سستا امریکہ اور مطمئن امریکی‘‘۔

پچھلے دو سال کے دوران امریکی عوام بالخصوص مڈل کلاس نے محسوس کیا اور برملا تبصرہ بھی کرتے رہے کہ ہماری تو جیب خالی ہے مگر ٹرمپ اپنی پاکٹ سونے سے بھر رہا ہے ۔ایک اور نعرہ بہت موثر رہا کہ صحت سب کیلئے۔بڑی دواساز کمپنیوں کو لگام دینا ہوگی۔پوری ریاستوں میں یہ نعرہ بھی مقبول ہو رہا تھا کہ اب امریکی معیشت ہماری مالی برداشت کے مطابق ہوگی اور ٹرمپ کا احتساب ہوگا۔ چیزیں سستی کرو۔ امریکہ سستا بھی اور پائیدار بھی ۔ایک قول زریں یہ بھی تھا’اب امریکہ میں ایسی سیاست ہوگی جو امریکیوں کو جوڑے نہ کہ توڑے ‘۔

امریکی مڈ ٹرم انتخابات کے نتائج پاکستان سمیت سارے مقروض اور غریب ملکوں کے عوام حکمران دونوں کیلئے بہت سبق رکھتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ کہاں کہاں سیاسی جماعتیں ڈیموکریٹس کی طرح اپنی حکمت عملی مرتب کرتی ہیں اور اپنے ملک میں حقیقی جمہوریت لے کر آتی ہیں۔