ایران کی زمینی راستوں سے تجارت روکنے کیلئے ٹاسک فورس پوری طرح فعال ہے:ٹرمپ

واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کیخلاف قائم نئی امریکی ٹاسک فورس ’’آئرن گیٹ‘‘ پوری طرح فعال ہوچکی ہے اور امریکی بحری ناکہ بندی کے ساتھ مل کر ایران میں اشیا کی آمدورفت محدود کر رہی ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ٹاسک فورس آئرن گیٹ اسلامی جمہوریہ ایران میں مکمل طور پر فعال ہے اور تاریخ کی سب سے بڑی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران میں بہت کم اشیا داخل یا وہاں سے باہر جاسکتی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے 7 نومبر کو اس ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ تقریباً 20 فوجی اور شہری اہلکاروں پر مشتمل یہ ٹیم امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں قائم ہوگی اور ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرۂ کیسپین کے راستے جدید ہتھیاروں، دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی، پابندیوں کے شکار سامان اور غیر قانونی مالی وسائل کی نقل و حرکت روکنے کے لیے دیگر امریکی اداروں کے ساتھ کام کرے گی۔

سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایران کی ہتھیاروں کی تیاری اور فوجی صلاحیتوں کی بحالی کیلئےدرکار وسائل کی فراہمی محدود کرنا ہے۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی اقدام کو محض لفظی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا مختلف ناموں اور منصوبوں کے ذریعے ایران پر معاشی ناکہ بندی مسلط کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔