کراچی پولیس نے لودھراں سے لاپتا 2 کم عمر لڑکیوں کو بازیاب کرالیا

کراچی (نامہ نگار) کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے ضلع لودھراں سے لاپتا ہونے والی 2 کم عمر لڑکیوں کو ڈیفنس فیز 7 ایکسٹینشن سے بازیاب کرالیا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ڈیفنس تھانے کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں لڑکیوں کو بحفاظت اپنی تحویل میں لیا۔ بازیاب ہونے والی لڑکیوں کی عمریں 14 اور 15 سال ہیں۔

ایس ایچ او ڈیفنس زبیر نواز کے مطابق دونوں لڑکیاں پنجاب کے ضلع لودھراں سے لاپتا ہوئی تھیں اور ان کے اغوا کا مقدمہ بھی متعلقہ تھانے میں درج تھا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دو لڑکیاں ڈیفنس فیز 7 ایکسٹینشن کے قریب موجود ہیں، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اس واقعے کا نوٹس لیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لودھراں پولیس کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔