کینبرا: آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے گرل فرینڈ جوڈی ہیڈن سےشادی کر لی

کینبرا (نامہ نگار) آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے ہفتے کے روز اپنی گرل فرینڈ جوڈی ہیڈن سے شادی کر لی، یوں وہ ملک کے پہلے ایسے رہنما بن گئے ہیں جنہوں نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے دوران شادی کی۔

رپورٹ کے مطابق 62 سالہ البانیز نے اپنی سرکاری رہائش گاہ ’دی لاج‘ کے باغ میں نجی تقریب میں فنانشل سروسز کی کارکن ہیڈن سے شادی کی۔ وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پر صرف ’Married‘ لکھا اور ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بو ٹائی پہنے دلہن کا ہاتھ تھامے کھڑے ہیں، اور کُنفیٹی برس رہی ہے، جبکہ دلہن نے لمبا سفید لباس زیبِ تن کیا تھا۔

جوڑے نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ’’ہم بے حد خوش ہیں کہ ہم اپنی محبت اور مستقبل کی زندگی ایک ساتھ گزارنے کے عزم کو اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کے سامنے شیئر کر رہے ہیں۔‘‘

یہ شادی اس وقت سے ایک سال بعد ہوئی، جب البانیز نے 2024 کے ویلینٹائن ڈے پر ہیڈن کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ تقریب کے دوران جوڑے نے اپنی قسمیں خود لکھی اور ایک سیلیبرنٹ نے ان کی شادی کرائی، جبکہ ان کے کتے ٹوٹو نے رنگ بیئرر کا کردار ادا کیا۔

تقریب کے بعد مہمانوں نے سڈنی کی بریوری کی بیئر پی اور اسٹیوی ونڈر کے گانے ’آئی ایم یورز‘ کے ساتھ خوشیاں منائیں۔ نوبیاہتا جوڑا پیر سے آسٹریلیا میں پانچ روزہ ہنی مون پر روانہ ہوگا۔

البانیز کی پچھلی بیگم سے 2019 میں طلاق ہوئی تھی اور ان کا ایک بالغ بیٹا نیتھن ہے۔ وہ پانچ سال قبل میلبورن میں بزنس ڈنر کے دوران ہیڈن سے ملے تھے۔ البانیز نے اس سال مئی میں انتخابات میں بھاری اکثریت سے دوسری بار تین سالہ مدت کے لیے وزارتِ عظمیٰ حاصل کی تھی۔