کینیڈا، امارات معاہدے، محنت کشوں کیلئےنئے مواقع پیدا کرینگے:سونیاسدھو

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم مارک کارنی کے متحدہ عرب امارات کے کامیاب دورے کے دوران کینیڈا اور امارات نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے تاریخی معاہدے کیے ہیں جن سے دونوں ممالک کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔

دورے کے دوران کینیڈا نے امارات کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا معاہدہ (FIPA) پر دستخط کیے، جس کے تحت سرمایہ کاروں کے لیے واضح اور قابلِ اعتماد ضابطے متعین ہوں گے جبکہ دو طرفہ سرمایہ کاری کے اربوں ڈالر کے مواقع کھلیں گے۔ یہ معاہدہ کینیڈین کمپنیوں کو عالمی سطح پر وسعت دینے اور ملکی ترقیاتی منصوبوں کے لیے سرمایہ لانے میں مدد دے گا۔

فریقین نے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (CEPA) کے مذاکرات شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس کا مقصد تجارتی رکاوٹیں کم کرنا اور کینیڈین مصنوعات و خدمات کے لیے نئے بازار کھولنا ہے۔ توقع ہے کہ ان کوششوں سے دونوں ممالک کی تجارت آئندہ دس برسوں میں 3.4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

امارات نے کینیڈا میں 70 ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے، جو کینیڈین معیشت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ اس سرمایہ کاری سے توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں ہزاروں اعلیٰ تنخواہ والی نوکریاں پیدا ہوں گی۔

ایم پی سونیا سدھو نے کہا کہ یہ معاہدے کینیڈین کاروباروں اور محنت کشوں کیلئےنئے مواقع پیدا کریں گے، تجارت کو متنوع بنائیں گے اور قومی معیشت کو مضبوط کریں گے۔ ان کے مطابق برامپٹن کی کاروباری برادری اور ہنرمند افرادی قوت لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں قیادت کے لیے تیار ہے، اور یہ پارٹنرشپ مقامی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی دے گی۔

وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ دنیا کے مشکل حالات کے باوجود کینیڈا نئے شراکت داروں کے ساتھ اہم معاہدے کر رہا ہے۔ ’’ہمارے امارات کے ساتھ معاہدے کینیڈا میں اربوں کی سرمایہ کاری لائیں گے، نئی منڈیاں کھولیں گے اور ملک بھر میں اعلیٰ تنخواہ والی نوکریاں پیدا کریں گے۔‘‘