اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کیپٹن (ر) سہیل چوہدری کو آئی جی اسلام آباد تعینات کردیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سہیل چوہدری اس سے قبل حکومت پنجاب کے ماتحت فرائض انجام دے رہے تھے۔ وہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور، سی پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور آر پی او ملتان کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تعیناتی کے منتظر سید خرم علی کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں تعیناتیوں کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے۔

