گوادر (پولیس، عرب نیوز، اردو نیوز) گوادر کی تحصیل جیونی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور پاک ایران سرحد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے نیشنل لاجسٹکس سیل کی پک اپ گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 ملازمین جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بارڈر پوسٹ نمبر 250 کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے نیشنل لاجسٹکس سیل کے ملازمین کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور گاڑی کو آگ لگا کر فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین کے پاس بھاری رقم موجود تھی جسے مسلح افراد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے ایک موٹرسائیکل بھی ملی ہے جسے پولیس نے تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں پنجاب کے ضلع لیہ کے 24 سالہ غلام مصطفیٰ اور ضلع شیخوپورہ کے 34 سالہ صنم مسیح شامل ہیں، جبکہ دیگر مقتولین میں کوئٹہ کے 36 سالہ کنول شہزاد اور خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے 26 سالہ دانش اقبال شامل ہیں۔
پولیس نے لاشیں گوادر کے جی ڈی اے اسپتال منتقل کردی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔

