“ہماری تحریک مضبوط ہے، مگر سفر ابھی باقی ہے”:قیصر ڈار

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) — لبرل پارٹی آف کینیڈا (اونٹاریو) کے ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے دوبارہ انتخاب میں حصہ لینے کے اعلان کے موقع پر قیصر ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے کو منظم، فعال اور متحد رکھنے کیلئےنمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’ہم نے پارٹی کی سطح پر سالانہ جنرل میٹنگز، فنڈ ریزرز، نامزدگیاں، تجزیاتی اجلاس اور متعدد انتخابی مہمات کامیابی سے منعقد کیں۔ ہماری تحریک پہلے سے زیادہ مضبوط اور فعال ہے، اور میں اپنے بورڈ اور عملے کی غیر معمولی محنت پر فخر محسوس کرتا ہوں جن کی بدولت یہ سب ممکن ہوا۔‘‘

قیصر ڈار نے کہا کہ پارٹی کی تعمیر نو اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا۔ انہوں نے آئندہ مرحلے کے حوالے سے کہا کہ ہماری توجہ خطوں کے درمیان تنظیمی روابط کو مزید مضبوط کرنے پر ہوگی تاکہ مختلف ریڈنگز ایک دوسرے کے تجربات اور حکمت عملیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا’’ہم رضاکاروں میں سرمایہ کاری کر کے ایک حقیقی رضاکارانہ تحریک تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں ہر کارکن کو سپورٹ، اختیار اور حوصلہ افزائی حاصل ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ، شہری و دیہی علاقوں کے درمیان فاصلے کو کم کرنا بھی ہماری ترجیح ہے تاکہ وہ ریڈنگز جن میں اس وقت پارٹی کی نشست نہیں، انہیں بھرپور تنظیمی ڈھانچہ اور سہولیات فراہم کی جا سکیں،‘‘ ۔

قیصر ڈار نے زور دیا کہ پائیدار ترقی کیلئےنظم و ضبط، اتحاد اور بروقت اقدام ناگزیر ہیں۔ ’’ہمارا رخ واضح ہے، داؤ بڑا ہے، اور ہمیں سنجیدگی سے کام جاری رکھنا ہے۔‘‘

انہوں نے پارٹی صدر سچت مہرا، نیشنل چیئر لیم اولسن، پالیسی سیکرٹری مائیک مورسَن، نیشنل نائب صدور ہردم منگت، جیمز میلونی، سابق صدر سوزین کوان، ارکان پارلیمنٹ، امیدواروں، کمیونٹی رہنماؤں اور پورے اونٹاریو کے مخلص لبرلز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

آخر میں انہوں نے کہا، ’’مجھے فخر ہوگا اگر آپ ایک بار پھر مجھ پر اپنے اعتماد کی توثیق کریں۔‘‘

اپنا تبصرہ لکھیں