لاہور / ڈبلن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے براستہ دوحہ آئرلینڈ پہنچ گئی ہے۔ سیریز کا آغاز 6 اگست سے ہوگا، جبکہ دیگر میچز 8 اور 10 اگست کو شیڈول ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق، قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کیلئےبراستہ دوحہ ڈبلن پہنچ چکی ہے۔پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 6 اگست، دوسرا 8 اگست اور تیسرا و آخری مقابلہ 10 اگست کو ہوگا۔ تمام میچز آئرلینڈ کے شہر کلون ٹرف میں کھیلے جائیں گے۔
15 رکنی اسکواڈ کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی، وکٹ کیپر نجیحہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، شوال ذوالفقار، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ سیریز کیلئےٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے۔ تربیتی کیمپ کے دوران کوچز نے کھلاڑیوں کی مہارتیں بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پلئیرز فارم میں ہیں اور ٹیم کا مورال بلند ہے۔ ہم آئرلینڈ کیخلاف بہترین کارکردگی دکھانے کیلئےپُرعزم ہیں۔

