اسلام آباد (نامہ نگار) فن لینڈ نے آپریشنل اور اسٹریٹجک وجوہات کی بنیاد پر پاکستان، افغانستان اور میانمار میں اپنے سفارتخانوں کو 2026 میں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ کے مطابق فیصلہ متعلقہ ممالک کی سیاسی صورتحال میں تبدیلیوں اور محدود تجارتی و اقتصادی تعلقات کے باعث کیا گیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ تینوں ممالک میں سفارتخانوں کی بندش کی تیاری پہلے ہی شروع کر دی گئی ہے اور یہ مشنز 2026 کے دوران مرحلہ وار بند کیے جائیں گے۔ یہ اقدام فن لینڈ کے سفارتی نیٹ ورک کے اسٹریٹجک جائزے کا حصہ ہے، جس کا مقصد وسائل کو اُن ممالک پر مرکوز کرنا ہے جو فن لینڈ کے لیے زیادہ تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں۔
فن لینڈ کی وزیرِ خارجہ ایلینا والٹونن نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی ماحول کے پیشِ نظر سفارتی نیٹ ورک کو بہتر بنانا ضروری ہے تاکہ خارجہ و سلامتی پالیسی کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔
خیال رہے کہ فن لینڈ نے اس سے قبل 2012 میں بھی مالی مسائل کے باعث پاکستان میں اپنا سفارتخانہ بند کیا تھا، تاہم 2022 میں اسے دوبارہ کھولا گیا۔ ادھر سویڈن نے بھی 2023 میں سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا تھا۔

