اسلام آباد:پاک بحریہ کا جہاز شکن بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف نے کامیاب تجربے پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ہتھیار سمندر اور خشکی دونوں پر موجود اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ نظام جدید رہنمائی کے آلات اور اعلیٰ درجے کی مانورنگ خصوصیات سے لیس ہے۔

فلائٹ ٹیسٹ کے مشاہدے میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینئر سائنس دانوں اور انجینئرز نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر نے کامیاب تجربہ پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل شمشاد مرزا اور سروس چیفس نے تجربے میں شریک یونٹس اور سائنس دانوں کو مبارک باد پیش کی۔

واضح رہے کہ 30 ستمبر کو پاکستان آرمی نے 750 کلومیٹر تک مار کرنیوالے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 کروز میزائل کا تربیتی تجربہ بھی کامیابی سے کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ایویونکس اور جدید نیویگیشنل سسٹمز سے لیس یہ ہتھیار زمین کے ساتھ ساتھ پرواز کرنے کی صلاحیت کے باعث دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم سے بچنے اور اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔