اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسلام آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے اسکوٹی سوار دو لڑکیوں کی ہلاکت کے کیس میں دونوں متاثرہ خاندانوں نے عدالت میں صلح کا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے ملزم کو معاف کر دیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ایک متاثرہ لڑکی کے بھائی نے ذاتی طور پر اور اس کی والدہ نے آن لائن بیان جمع کرایا، جبکہ دوسری لڑکی کے والد نے بھی عدالت میں اپنا بیان دیا۔
واضح رہے کہ واقعہ یکم دسمبر کی رات پی این سی اے کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار سیاہ گاڑی نے اسکوٹی پر سوار دونوں لڑکیوں کو ٹکر ماری اور گاڑی موقع سے فرار ہو گئی، پولیس کے مطابق گاڑی ایک جج کا کم عمر بیٹا چلا رہا تھا۔حادثے میں دونوں لڑکیاں موقع پر جاں بحق ہو گئی تھیں۔

