اولڈ ٹریفورڈ: پاکستانی فین کو سیکورٹی کی طرف سےشرٹ ڈھانپنے پر مجبور کیا گیا

مانچسٹر (اسپورٹس ڈیسک)بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے دوران اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں ایک پاکستانی نژاد کرکٹ مداح فاروق نذر کو اس وقت سیکیورٹی اہلکاروں نے روک کر شرٹ ڈھانپنے پر مجبور کیا جب وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسی پہنے میچ دیکھنے آئے تھے۔

بغیر کسی شکایت یا قابلِ اعتراض رویے کے، سیکیورٹی نے فاروق نذر سے کہا کہ وہ اپنی پاکستان کرکٹ شرٹ کو ڈھانپ لیں، جس پر سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔

فاروق نذر، جو مانچسٹر کے رہائشی ہیں، ٹیسٹ میچ دیکھنے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم آئے تھے اور انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی روایتی سبز جرسی زیب تن کی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خاموشی سے میچ دیکھ رہے تھے، نہ کوئی نعرہ بازی کی اور نہ کسی سے الجھے، اس کے باوجود سیکیورٹی نے انہیں ٹوکا اور پاکستان شرٹ ڈھانپنے کا کہا۔

فاروق نذر نے اس اقدام کو امتیازی سلوک اور کھیل میں سیاست شامل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ فین کی حیثیت سے وہ کسی بھی ٹیم کی شرٹ پہن سکتے ہیں، اور کھیل کا مقصد لوگوں کو جوڑنا ہوتا ہے، نہ کہ تقسیم کرنا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں صارفین نے بھارتی رویے پر تنقید کی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ سیاسی اور جنگی کشیدگی کا بدلہ کھیلوں کے میدان میں لے رہا ہے، جو کھیل کی روح اور غیر جانبداری کے اصولوں کے خلاف ہے۔

کرکٹ شائقین اور مبصرین نے آئی سی سی اور اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور آئندہ ایسے امتیازی اقدامات سے گریز کیا جائے تاکہ کھیل سیاست سے پاک رہے۔

یہ واقعہ اس کا ثبوت ہے کہ کھیل میں سیاسی مداخلت کس طرح نہ صرف اس کی روح کو مجروح کرتی ہے بلکہ عالمی سطح پر تفرقہ اور نفرت کو بھی جنم دیتی ہے۔ کرکٹ کو جوڑنے کا ذریعہ بنایا جائے نہ کہ نفرت پھیلانے کا۔

اپنا تبصرہ لکھیں