اونٹاریو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو میں ہزاروں Ontario Immigrant Nominee Program (OINP) ایکسپریس انٹری اسکلڈ ٹریڈز کی درخواستیں اچانک واپس کیے جانے کے خلاف سینکڑوں ہنرمند کارکنوں کے کوئیٖنز پارک کے باہر احتجاج کے دوران، وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ نے سوال و جواب کے سیشن میں براہِ راست وفاقی حکومت کو موردِ الزام ٹھہرایا۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ”اٹاوا نے پلگ کھینچ دیا” اور وفاقی سطح پر نامزدگیوں میں کٹوتی کی وجہ سے صوبہ اس بحران سے دوچار ہوا، حالانکہ بہت سے درخواست گزاروں نے تمام قواعد پر عمل کیا، دو سال سے زائد انتظار کیا، اور اس دوران اپنے ورک پرمٹس تک کھو بیٹھے۔
اپوزیشن ارکان نے سوال کیا کہ وہ کارکن جو برسوں سے اونٹاریو میں رہتے اور کام کرتے رہے، ٹیکس دیتے رہے اور تمام شرائط پوری کرتے رہے—انہیں بغیر کسی انفرادی جائزے کے درخواستیں واپس کر کے شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔
دوسری جانب OINP کی اپنی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکلڈ ٹریڈز اسٹریم میں انٹیگریٹی خدشات، مس ری پریزنٹیشن کے خطرات اور ساختی مسائل پائے گئے، جن کی بنیاد پر بڑی تعداد میں درخواستیں واپس کی گئیں۔
وزیراعلیٰ فورڈ کا کہنا تھا کہ یہ بحران وفاقی حکومت کی جانب سے نامینی کوٹہ محدود کرنے کا نتیجہ ہے، جبکہ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ ہر درخواست کا علیحدہ جائزہ لیا جائے تاکہ جائز کیسز ضائع نہ ہوں۔

