برامپٹن (نمائندہ خصوصی)سٹی آف برامپٹن نے اعلان کیا ہے کہ کمیونٹی لیڈر اور نائٹس ٹیبل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینی بائنو کو ان کی دہائیوں پر مشتمل خدمات اور خوراک کی فراہمی، سماجی امداد اور کمیونٹی ویلفیئر کیلئےغیر معمولی کردار پر ’’کی ٹو دی سٹی‘‘ سے نوازا جائیگا۔
یہ اعزاز کسی بھی میونسپلٹی کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ترین اعزاز سمجھا جاتا ہے، جو اُن شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے شہر اور اس کے باشندوں کی زندگیوں پر گہرا اور دیرپا اثر چھوڑا ہو۔ اس سال، شہر برامپٹن اینی بائنو کی قیادت، ہمدردی اور کمزور طبقے کیلئےان کی مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے انہیں یہ اعزاز دے رہا ہے۔
اینی بائنو نے نائٹس ٹیبل کی سربراہی ایسے وقت میں کی جب شہر میں غذائی ضروریات اپنی بلند ترین سطح پر تھیں۔ ان کی قیادت میں ادارے نے اپنی خدمات کو وسیع کیا، ہزاروں خاندانوں تک خوراک پہنچائی، بچوں کے لیے لنچ و ناشتہ پروگرام شروع کیے، نوجوانوں اور سینئرز کیلئےخصوصی اقدامات متعارف کرائے اور ضرورت مند افراد کو خود مختاری کی جانب لانے کے پروگرام ترتیب دیے۔
کوویڈ وبا کے دوران انہوں نے موبائل کمیونٹی کچن فوڈ ٹرک متعارف کرایا، جس نے مشکل دور میں براہِ راست کمیونٹیز میں جا کر کھانا فراہم کیا۔ مزید برآں، وہ برامپٹن فوڈ ہب کی قیام میں بھی بنیادی کردار رکھتی ہیں، جس سے شہر میں خوراک کی منصفانہ اور ثقافتی اعتبار سے مناسب فراہمی کا نظام مضبوط ہوا۔ حال ہی میں ان کی کوششوں سے نائٹس ٹیبل نے مستقل مرکز کیلئےنئی جگہ بھی حاصل کی ہے۔
اینی بائنو کی سماجی خدمات اور لیڈرشپ کے باعث انہیں متعدد اعزازات مل چکے ہیں، جن میں کوئین الزبتھ دوم ڈائمنڈ جوبلی میڈل بھی شامل ہے۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ اینی بائنو کی خدمات برامپٹن کیلئےقابلِ فخر ہیں اور انہوں نے کمزور افراد کی مدد اور خوراک کی فراہمی کے نظام کو نئی جہت دی ہے۔
اینی بائنو کا کہنا ہے کہ ان کا کام ہمیشہ خدمت اور افراد و خاندانوں کو بااختیار بنانے کے گرد گھومتا ہے اور یہ اعزاز ان کی ٹیم، رضاکاروں اور پارٹنرز کیلئے بھی ہے۔

