لندن(ایجنسیاں)برطانوی حکومت نے معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کو ملک بدر کر دیا، کیونکہ انہوں نے ویزا کی درخواست دیتے وقت پاکستان میں اپنے خلاف جاری مقدمات کو چھپایا تھا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام نے رجب بٹ کا ویزا منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔ لندن میں صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے بتایا کہ رجب بٹ اور ندیم نانی والا (ندیم مبارک) کو برطانیہ میں متعدد الزامات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعد میں یہ الزامات جھوٹے ثابت ہوئے اور دونوں کو بری قرار دیا گیا۔
بعد ازاں ہوم آفس نے ویزا فارم کا دوبارہ جائزہ لیا، جہاں یہ بات سامنے آئی کہ رجب بٹ نے پاکستان میں اپنے خلاف چلنے والے مقدمات کا ذکر نہیں کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) سمیت دیگر پاکستانی اداروں نے بھی رجب بٹ کے خلاف معلومات برطانوی حکام کو فراہم کی تھیں۔
ندیم مبارک کو برطانیہ میں رہنے کی اجازت مل گئی، جبکہ رجب بٹ کا ویزا منسوخ کر کے انہیں پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔ ندیم نے تصدیق کی کہ وہ رجب بٹ کے ساتھ پاکستان جا رہے ہیں اور بعد میں واپس برطانیہ لوٹ آئیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ستمبر میں رجب بٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی، جس میں الزام تھا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے غیر قانونی جوئے کی ایپس، بشمول Binomo، 1xBet، Bet365 اور B9 Game کی تشہیر کرتے تھے۔

