کوئٹہ (نامہ نگار) کسٹمز انفورسمنٹ گڈانی کلکٹریٹ نے ساحلی پٹی اور آر سی ڈی ہائی وے پر اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ہفتے کے اندر ایک ارب روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کرلیں۔ ایف بی آر کے سرکاری اعلامیے کے مطابق وندر کے کھُرکھیرہ چیک پوسٹ پر ایک کنٹینر سے 188 کلو چرس برآمد ہوئی، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اسی چیک پوسٹ پر ایک مسافر بس سے 7 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان پکڑا گیا۔ اسپیشل اسمگلنگ پریونشن اسکواڈ نے 4 ریفریجریٹڈ کنٹینرز بھی قبضے میں لیے جن میں 76 ٹن اسمگل شدہ انار منتقل کیے جا رہے تھے۔ ضبط شدہ انار کی نیلامی سے قومی خزانے میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے جمع ہوئے۔
اورماڑہ میں کسٹمز ٹیموں نے دو مسافر بسوں کو روکا جو 14 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی پی او ایل لے جا رہی تھیں، جب کہ بوانی حب کے گودام پر چھاپے کے دوران 10 ہزار 650 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا۔
ایف ای یو خضدار میں ایک ہینو ٹرک بھی پکڑا گیا جس میں 2 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ خشخاش کے بیج تھے۔اعلامیے کے مطابق یہ کارروائیاں اسمگلنگ کے خاتمے، سرحدی نگرانی کو مضبوط بنانے، قانونی تجارت کے تحفظ اور معیشت کے استحکام کے لیے ایف بی آر کے عزم کا ثبوت ہیں۔

