بھارت میں کرکٹ میں سیاست ہوتی ہے، اچھی طرح جانتا ہوں، ریان ہیرس

آسٹریلوہ سابق کرکٹر ریان ہیرس نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں کرکٹ میں سیاست نہیں ہوتی، تاہم میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ یہ سب بھارت میں ہوتا ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے گزشتہ دنوں پرتھ ٹیسٹ میں شکست کا حوالہ دیتے ہوئے آسٹریلین ٹیم میں انتشار اور آپس میں کھنچاؤ کی نشاندہی کی تھی، ان کی اس بات کا سابق فاسٹ بولر ریان ہیرس نے کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتیوں کو آئینہ دکھایا ہے۔

ریان ہیرس نے واضح طور پر کہا کہ دیکھیں یہاں کوئی دھڑے نہیں ہیں، اس طرح کی ساری باتیں بکواس ہیں، یہاں تک کہ میں نے مسٹر گواسکر کی باتیں سنی ہیں کہ آسٹریلین ٹیم میں کچھ دھڑے بندی ہے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ یہ سب بکواس ہے، آسٹریلیا میں ایسا نہیں ہوتا، تاہم میں جانتا ہوں کہ یہ سب بھارت میں ہوتا ہے میں وہاں رہا ہوں۔

ریان ہیرس نے کہا کہ یہاں کوئی سیاست نہیں ہے اور کچھ کہنے کی وجہ سے کسی کھلاڑی (جوش ہیزل ووڈ) کو ٹیم سے باہر نہیں کیا جائے گا، ہم نے پرتھ میں کافی برا کھیلا تھا اس لیے آسٹریلوی میڈیا اس معاملے میں کود پڑا اور سوالات کیے۔

خیال رہے کہ ایک صحافی نے جوش ہیزل ووڈ سے پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے دن بیٹنگ اپروچ کے حوالے سے سوال کیا تھا جس پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ سوال کسی بیٹر سے کرنا چاہیے تھا، تاہم اس بات کو لے کر سنیل گواسکر نے آسٹریلوی ٹیم میں دھڑے بندی کی نشاندہی کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں