خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کی مہم کا بریڈفورڈ یونیورسٹی میں آغاز

بریڈفورڈ(نامہ نگار)خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عزم کے ساتھ یونیورسٹی آف بریڈفورڈ کی سوشل جسٹس سوسائٹی نے اقوامِ متحدہ کی سالانہ 16 روزہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس مہم کا مقصد معاشرے میں آگاہی بڑھانا اور اس مسئلے کے خلاف عملی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب بریڈفورڈ یونیورسٹی میں نومبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہوئی، جس کا اختتام 10 دسمبر کو ’’یومِ انسانی حقوق‘‘ پر ہوگا۔ رگبی میں انگلینڈ کی نمائندگی کرکے تاریخ رقم کرنے والے معروف رگبی پلیئر ڈاکٹر اکرام بٹ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پرو وائس چانسلر ایم بی ای او ڈی آرچی بونگ، سوشل جسٹس سوسائٹی کی صدر سامیعہ محبوب اور اسسٹنٹ پروفیسر جل کرک مین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم اقوامِ متحدہ کی عالمی کاوشوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد صنفی تشدد کے خلاف آواز بلند کرنا اور نوجوانوں کو ایسے اداروں سے متعارف کروانا ہے جہاں وہ مدد اور معلومات حاصل کر سکیں۔

مہم کے منتظمین نے 16 ڈیز آف ایکٹیوزم اگینسٹ جینڈر بیسڈ وائلنس کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کی خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔تقریب میں عابدہ خان نے روایتی ٹپے گا کر سماں باندھ دیا، ان کے گیتوں نے خواتین کے حقوق اور ان کی جدوجہد کو خوبصورتی سے نمایاں کیا۔