دوسری شادی کی خواہش مند خاتون کا مرد ساتھیوں کے ہمراہ پہلی بیوی پر تشدد

حنا پرویز بٹ کا متاثرہ خاتون کے گھر کا دورہ، ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کے علاقے مصطفی آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد متاثرہ خاتون رقیہ امجد کے گھر کا دورہ کیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون ماہم نے اپنے مرد ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں زبردستی داخل ہو کر متاثرہ خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ماہم مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کے شوہر سے نکاح کرنا چاہتی تھی اور دوسری شادی سے روکنے پر اس نے پہلی بیوی پر تشدد کیا۔

حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون اور ان کی والدہ سے ملاقات کی اور انہیں حکومت پنجاب کی جانب سے مکمل قانونی، نفسیاتی اور طبی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرپرسن نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ تمام نامزد ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور تفتیش شفاف انداز میں مکمل کر کے انصاف کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی خاتون کے گھر میں گھس کر اس پر تشدد کرنا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائیگی۔ خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا وڑن “خواتین کے لیے محفوظ پنجاب” ہے، اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اس وڑن کے تحت خواتین کو مکمل تحفظ، انصاف اور بااختیار بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں