سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کیلئے عالمی سطح پر اعزاز

اسلام آباد (نمائندگان) سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کو ویانا میں ’انٹرنیشنل لیگل لائف ٹائم ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔جاری اعلامیے کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک کو یہ اعزاز جسٹیٹیا ایوارڈز 2026 کی تقریب میں دیا گیا، جہاں انسانی حقوق اور قانونی شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

جسٹس عائشہ اے ملک نے ویمن اِن لا کانفرنس 2026 میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مساوات صرف قانونی ضمانتوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ خواتین کو عملی زندگی کے زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانونی اصولوں اور اداروں کو خواتین کے حقیقی تجربات کا ادراک کرنا چاہیے۔اعلامیے کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک کو دیا گیا یہ اعزاز بین الاقوامی قانونی برادری میں پاکستان کی نمایاں نمائندگی کا عکاس ہے۔