کراچی (نمائندہ خصوصی) 14 ستمبر سے نادرا سے منسلک ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کراچی ایئرپورٹ سے عمرہ زائرین کو سعودی عرب سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق عمرہ زائرین کو روانگی سے قبل نادرا سے منسلک ڈیجیٹل ویکسی نیشن کارڈ حاصل کرنا ہوگا، جس کے بغیر ایئرلائنز مسافروں کو پرواز میں سوار نہیں ہونے دیں گی۔
حکام کے مطابق پولیو، گردن توڑ بخار، زرد بخار اور انفلوئنزا کی ویکسی نیشن کے ثبوت نادرا کے نظام سے منسلک ہونا ضروری ہوں گے۔ ویکسی نیشن کے لیے وفاقی حکومت کی سول ڈسپنسری کو واحد مجاز مرکز قرار دیا گیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق ایئرپورٹ پر ویکسی نیشن اور آن لائن اندراج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، تاہم ایئرپورٹ پر ویکسی نیشن کرانے والے مسافروں کو پرواز سے کم از کم 6 گھنٹے پہلے پہنچنا ہوگا۔
حکام کے مطابق اس پابندی کا ابتدائی اطلاق کراچی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے عمرہ زائرین پر ہوگا، بعد ازاں پشاور، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں تک بھی اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق افریقا، وسطی اور جنوبی امریکا سے آنے یا ان علاقوں کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے زرد بخار کی ویکسی نیشن بھی لازمی ہوگی۔

