برامپٹن(نمائندہ خصوصی) صدر ٹریژری بورڈ شفقت علی نے کہا ہے کہ کینیڈا کی نئی حکومت دنیا کی بڑی معیشتوں کے گروپ جی7 میں سب سے مضبوط اور مستحکم معیشت تعمیر کرنے کیلئےپرعزم ہے۔
شفقت علی نے صنعت کی وزیر میلانی جولی اور برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کے ساتھ ملاقات میں برامپٹن کی معیشت کو مضبوط بنانے اور مقامی صنعتوں کی معاونت کے طریقوں پر گفتگو کی۔اوٹاوا میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر ٹریژری بورڈ شفقت علی نے کہا کہ وفاقی حکومت ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئےمربوط اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعت کی وزیر میلانی جولی اور برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن کے ساتھ ملاقات میں برامپٹن کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع میں اضافہ، اور مقامی صنعتوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنے پر گفتگو ہوئی۔
شفقت علی نے کہا کہ برامپٹن کینیڈا کی صنعتی ترقی کا ایک اہم مرکز ہے اور حکومت کا مقصد ہے کہ اس شہر کو جدید سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے نئے ماڈلز سے مستفید کیا جائے۔انہوں نے وزیر میلانی جولی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “میں وزیر میلانی جولی کا مشکور ہوں جنہوں نے اس اہم اقتصادی نشست کی میزبانی کی۔”
شفقت علی نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت کینیڈا کی معیشت کو جی7 ممالک میں سب سے مضبوط بنانے کے ہدف پر سنجیدگی سے کاربند ہے اور مقامی صنعتوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

