صنفی مساوات کو فروغ دینا معاشرے کی ذمہ داری ہے:عامر احمد اَتوزئی

نیویارک (نمائندہ خصوصی) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینیورز آف نارتھ امریکا (اوپن) کے تعاون سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں کمیونٹی اراکین، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اَتوزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنا اور محفوظ و معاون کام کی جگہوں کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات کو فروغ دینا پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تقریب کے دوران معروف پاکستانی نژاد امریکی آنکولوجسٹ ڈاکٹر عذرا رضا کے ساتھ ایک خصوصی گفتگو بھی ہوئی جس میں انہوں نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے تجربات اور جدوجہد سے متعلق متاثر کن خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔