عمران خان پارٹی فیصلوں کے لیک ہونے پر برہم، سیاسی کمیٹی تحلیل کرنے کا اعلان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے اندر جاری اختلافات اور خفیہ فیصلوں کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سیاسی کمیٹی کو تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ بڑی کمیٹی کی جگہ ایک چھوٹی کمیٹی بنائی جائے گی اور اس کا پورا اختیار سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو دیا گیا ہے تاکہ وہ نئی کمیٹی بنائیں، سیاسی حکمت عملی تیار کریں اور اسے نافذ کریں۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات نے تصدیق کی کہ تقریباً 40 اراکین پر مشتمل سیاسی کمیٹی کی جگہ کم اراکین پر مشتمل نئی کمیٹی بنائی جائیگی، جس میں ممکنہ طور پر صوبائی صدور، اپوزیشن لیڈرز اور چند دیگر اراکین شامل ہوں گے۔

سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ کمیٹی کے فیصلے لیک ہونے کی وجہ سے یہ اقدام طویل عرصے سے زیر غور تھا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی و مرکزی قیادت اور اتحادیوں پر مشتمل ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی قائم کی جائے گی۔

عمران خان نے شاہد خٹک کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ سابق پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کو رواں سال سزا دی جا چکی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو انصاف لائرز فورم کو دوبارہ منظم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

پی ٹی آئی بانی کا کہنا تھا کہ پارٹی میں وہ لوگ نہیں رہ سکتے جو مخالفین سے میل جول رکھ رہے ہوں۔ این ڈی یو ورکشاپ میں کچھ رہنماؤں کی شرکت پر بھی شدید تنقید کی گئی، جس پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ایسے اقدامات قیادت کی منظوری کے بعد ہی کیے جائیں گے۔