لاہور:پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر کا ووسٹرشائر سے تین سالہ معاہدہ

لاہور( اسپورٹس ڈیسک)پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر نے برٹش کاؤنٹی ٹیم ووسٹرشائر کے ساتھ سال 2026 سے تین سالہ ٹی 20 معاہدہ کر لیا ہے، جس کے بعد بین الاقوامی کیریئر پر سوالیہ نشان کھڑے ہو گئے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق 29 سالہ اسامہ میر معاہدے کے پہلے سال غیر ملکی کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلیں گے، جبکہ 2027 سے وہ برطانیہ میں مقامی کھلاڑی تصور کیے جائیں گے کیونکہ ان کی اہلیہ برطانوی شہری ہیں اور وہ برطانوی شہریت کے حصول کے اہل ہیں۔

اگرچہ اسامہ میر نے پاکستان کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، تاہم وہ اپریل 2024 کے بعد قومی ٹیم سے باہر ہیں۔یاد رہے کہ اسامہ میر نے 2023 میں طویل مذاکرات کے بعد پی سی بی سے تین سالہ معاہدہ سائن کیا تھا، تاہم وہ جلد ہی سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے خارج کر دیے گئے۔

2023 میں پی سی بی کی جانب سے این او سی نہ دیے جانے پر وہ ووسٹرشائر ریپیڈز کی نمائندگی سے محروم رہے تھے، جس سے ان کے بورڈ سے تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے۔ اس انکار کی وجہ “پی ایس ایل پلس 2” پالیسی بتائی گئی تھی، جس کے تحت کھلاڑی سال میں دو سے زائد غیر ملکی لیگز نہیں کھیل سکتے۔

اس کے باوجود اسامہ میر نے دی ہنڈریڈ، بی بی ایل، پی ایس ایل اور حالیہ گلوبل سپر لیگ سمیت مختلف عالمی ٹی 20 لیگز میں شرکت کی اور پی ایس ایل 2024 میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بن کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ذرائع کے مطابق اسامہ میر 2027 تک پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے خواہاں ہیں، تاہم اس کے بعد انہیں بطور غیر ملکی کھلاڑی رجسٹر ہونا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں