لیجنڈری ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

فلوریڈا / نیویارک (رائٹرز+ایجنسیاں) —ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے ہال آف فیم رکن اور عالمی شہرت یافتہ ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر ڈبلیو ڈبلیو ای نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان کے ذریعے دی، جس میں انہیں 1980 کی دہائی کی پاپ کلچر آئیکون قرار دیا گیا۔

“ریسلنگ کی دنیا کا بڑا ستارہ”

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ہلک ہوگن نے پروفیشنل ریسلنگ کو عالمی تفریحی صنعت میں بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کا سنہری بالوں والا انداز، دلیرانہ شخصیت اور طاقتور جسمانی ساخت نے انہیں لاکھوں مداحوں میں مقبول بنایا۔ 1987 میں ریسلمینیا تھری میں مشہور ریسلر آندرے دی جائنٹ کو اٹھا کر زمین پر پٹخنے کا منظر آج بھی یادگار لمحہ سمجھا جاتا ہے۔

“اداکاری اور متنازعہ زندگی”

ریسلنگ کے علاوہ انہوں نے ہالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی، فلم راکی تھری اور سانٹا ودھ مسلز میں اداکاری کی، مگر اصل شہرت رِنگ میں ہی حاصل کی۔ان کا اصل نام ٹری جین بولیا تھا اور ان کی پیدائش 11 اگست 1953 کو اگسٹا، جارجیا میں ہوئی۔ بعد ازاں وہ فلوریڈا منتقل ہو گئے . 1970 کی دہائی میں ریسلنگ کا آغاز کیا۔

“شہرت سے تنازعات تک”

وہ 1984 میں ڈبلیو ڈبلیو ایف چیمپئن بنے اور 4 سال تک عالمی چیمپیئن رہے۔ بعد میں انہوں نے ڈبلیو سی ڈبلیو جوائن کیا اور “ہالی ووڈ ہوگن” کے نام سے نیو ورلڈ آرڈر (nWo) کا حصہ بنے۔2002 میں ڈبلیو ڈبلیو ای واپسی پر انہوں نے “دی راک” سے ریسلمینیا میں مقابلہ کیا جسے راک نے جیتا۔انہیں دو مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں شامل کیا گیا، مگر 2015 میں نسل پرستانہ تبصرے کی ویڈیو لیک ہونے پر انہیں معطل کر دیا گیا، البتہ 2018 میں بحال کر دیا گیا۔

“ذاتی زندگی”

ہلک ہوگن نے تین شادیاں کیں اور ان کے دو بچے ہیں۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ریئلٹی شو “Hogan Knows Best” میں بھی کام کیا۔ 2024 میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ان کی نجی ویڈیو شائع کرنے پر انہوں نے 140 ملین ڈالر کا مقدمہ جیت کر ویب سائٹ Gawker کو بند کروایاجو میڈیا دنیا میں ایک مثال بن گیا۔

ہلک ہوگن نہ صرف ریسلنگ کے ایک عظیم کردار تھے بلکہ عالمی تفریحی صنعت کے ایک روشن باب کا نام بھی۔ ان کی زندگی شہرت، طاقت، تنازعات اور مقبولیت سے بھرپور رہی۔

اپنا تبصرہ لکھیں