لیجنڈز لیگ تنازع: پاکستان کا نام استعمال کرنے کیلئے پی سی بی کی منظوری لازم

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاک-بھارت تنازع کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ کسی بھی نجی کرکٹ ایونٹ میں “پاکستان” کے نام کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے، جب تک کہ بورڈ سے باقاعدہ پیشگی منظوری حاصل نہ کی جائے۔

میڈیاکے مطابق، بھارت کی جانب سے 20 اور 30 جولائی کو پاکستان کے خلاف میچوں کا بائیکاٹ کیے جانے کے بعد پی سی بی نے ملکی وقار کے تحفظ اور تنازعات سے بچنے کیلئےفیصلہ کیا ہے کہ نجی لیگز میں “پاکستان” کے نام کا استعمال بورڈ کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں ہوگا۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں بھارتی ٹیم نے دو مرتبہ پاکستان کیخلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ پہلے 20 جولائی کو طے شدہ میچ منسوخ ہوا اور پھر 30 جولائی کو بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کیا۔ بھارتی کھلاڑیوں کے اس طرز عمل کو ہٹ دھرمی قرار دیا گیا، جس سے ایونٹ میں تنازع شدت اختیار کر گیا۔

ذرائع کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او جی) نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی لیجنڈز لیگ یا نجی کرکٹ ایونٹ میں “پاکستان” کے نام کا استعمال پی سی بی کی اجازت سے مشروط ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد ملک کے کرکٹ تشخص، قومی وقار اور ساکھ کو محفوظ بنانا ہے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم مستقبل میں غیر ضروری تنازعات اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف جانبدارانہ اقدامات سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے۔پی سی بی کے اس اقدام کو کرکٹ حلقوں میں سراہا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف پاکستان کے نام کا غیر مجاز استعمال روکا جا سکے گا بلکہ ملک کی نمائندگی کو بھی باوقار طریقے سے یقینی بنایا جا سکے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں