لندن( نمائندہ خصوصی)ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) میں پاکستان چیمپئنز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دے کر اپنی دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ عمر امین کی نصف سنچری اور باؤلرز کی نپی تلی کارکردگی پاکستان کی فتح کا باعث بنی۔
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے تیسرے میچ میں پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ میں جاری اس ایونٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے عمر امین نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تجربہ کار شعیب ملک 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقہ کے ڈؤآن اولیور 2 وکٹوں کے ساتھ کامیاب باؤلر رہے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ چیمپئنز کی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ نتیجتاً جنوبی افریقی ٹیم 9 وکٹوں پر 167 رنز بنا سکی۔پاکستان کی طرف سے محمد حفیظ اور سہیل تنویر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ رومان رئیس، عماد وسیم، شعیب ملک اور وہاب ریاض کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کو شکست دی تھی، جب کہ دوسرے میچ میں بھارت نے سیاسی وجوہات کی بنا پر میدان میں نہ اترنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میچ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

