مداح سے زیادتی اور 3 خواتین سےجنسی ہراسانی،برطانوی کامیڈین رسل برانڈ کو 10 سال 6 ماہ قید

لندن (رائٹرز) برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کو ایک مداح کے ساتھ زیادتی اور 3 خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے جرم میں 10 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 51 سالہ رسل برانڈ کو لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں سزا سنائی گئی۔ جیوری نے گزشتہ ہفتے انہیں 2004ء سے 2009ء کے دوران پیش آنے والے واقعات میں ایک خاتون کے ساتھ زیادتی اور 3 خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے الزامات میں مجرم قرار دیا تھا۔

عدالت میں ثابت ہوا کہ رسل برانڈ نے 2009ء میں اپنی 21 سالہ مداح کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ 2004ء اور 2005ء میں دیگر 3 خواتین کے ساتھ الگ الگ واقعات میں جنسی تشدد کیا۔ متاثرہ خواتین کا تعلق ذرائع ابلاغ کے مختلف اداروں سے تھا۔

جج جوئل بیننتھن نے سزا سناتے ہوئے کہا کہ ملزم خود کو شہرت کی وجہ سے عام قوانین سے بالاتر سمجھتا تھا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ خواتین کے لباس، ان کے کہیں آنے جانے یا کچھ پینے سے انہیں اپنی مرضی کے خلاف جنسی عمل سے انکار کا حق ختم نہیں ہوجاتا۔

رسل برانڈ کو زیادتی کے جرم میں 9 سال جبکہ جنسی تشدد کے تین الزامات میں بالترتیب 9 ماہ، 18 ماہ اور 8 ماہ قید کی سزائیں سنائی گئیں، جنہیں مجموعی طور پر 10 سال 6 ماہ قید میں تبدیل کیا گیا۔ انہیں اپنی سزا کا دو تہائی حصہ جیل میں گزارنے کے بعد شرائط کے تحت رہائی مل سکے گی، جبکہ ان کا نام تاحیات جنسی جرائم کے مرتکب افراد کی فہرست میں شامل رہے گا۔

واضح رہے کہ رسل برانڈ نے تمام الزامات کی تردید کی تھی۔ جیوری نے ان کے خلاف زیادتی کے مزید 2 الزامات اور ایک خاتون پر جنسی حملے کی کوشش کے الزام میں انہیں بری کردیا۔ پولیس نے ان کے خلاف زیادتی کے مزید 2 الزامات کی تحقیقات بھی جاری رکھی ہوئی ہیں۔