لندن(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز وطن واپسی کیلئے ایون فیلڈ سے روانہ ہوتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوپ 30 میں پنجاب کے گراؤنڈ بریکنگ پراجیکٹس پیش کیے گئے، اکانومسٹ کی رپورٹ پوری دنیا میں توجہ کا مرکز بنی اور اس میں کسی شک کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں اور قبضوں کے مسائل اب ہفتوں میں حل ہوں گے، پنجاب حکومت اس حوالے سے تیز رفتار اقدامات کر رہی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نئی تقرری پر مریم نواز نے کہا کہ ان سے بہتر اس عہدے کے لیے کوئی اور نہیں ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک بھارت جنگ میں اپنی قیادت ثابت کی اور وہ اس منصب کے سب سے زیادہ حقدار ہیں۔
عدلیہ میں حالیہ استعفوں کے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ یہ ضمیر اُس وقت کیوں نہیں جاگے جب نواز شریف، انہیں اور دیگر رہنماؤں کو غلط فیصلوں کے ذریعے سزائیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب سیاسی ضمیر ہیں، انصاف کے لیے کوئی حقیقی قدم نہیں اٹھایا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ مکافاتِ عمل ہے، انہوں نے پوری سیاسی زندگی میں کسی سے کوئی انتقام نہیں لیا۔ آخر میں انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، ’’میں مریم نواز ہوں، یہی میری پہچان ہے‘‘۔

