مظفرآباد (نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر کی 18 رکنی کابینہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، قائم مقام صدر آزاد کشمیر لطیف اکبر نے وزرا سے حلف لیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے 18 اراکینِ اسمبلی نے وزرا کے طور پر حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم فیصل راٹھور، سابق وزرائے اعظم سردار یعقوب خان اور سردار تنویر الیاس سمیت اہم شخصیات، پیپلز پارٹی کے کارکنوں، حمایتیوں اور کئی سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔
نئی کابینہ میں میاں عبد الواحد، سردار جاوید ایوب، جاوید اقبال بدھانوی، چوہدری قاسم مجید، عمار یاسین، سردار ضیاالقمر، سید باذل علی نقوی، نبیلہ ایوب خان، دیوان علی چغتائی، ملک ظفر اقبال، چوہدری ارشد، چوہدری محمد رشید، یاسر سلطان، سردار محمد حسین، چوہدری اخلاق، فہیم اختر ربانی، رفیق نیئر اور علی شان سونی شامل ہیں۔
ان میں سے ابتدائی آٹھ اراکین 2021 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے، جب کہ باقی اراکین پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے اور حال ہی میں اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دے کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔نبیلہ ایوب خان کابینہ کی واحد خاتون وزیر ہیں جو خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب ہوئیں، جب کہ مہاجرین کی نشستوں پر منتخب کسی رکن کو کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا۔
وزرا کے محکموں کا اعلان فوری طور پر نہیں کیا گیا، تاہم تقریب کے دوران حکومت کے دو مشیروں سردار احمد صغیر اور سردار فہد یعقوب کی تقرری کا نوٹیفکیشن سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمن ظفر محمود نے پڑھ کر سنایا۔ اگرچہ آزاد کشمیر کے آئین میں مشیروں کی تقرری کی اجازت ہے، لیکن حلف برداری کے بارے میں کوئی واضح ذکر نہیں، اس کے باوجود وزیر اعظم راٹھور نے دونوں مشیروں سے حلف لیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے راجا فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے، جب چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی تھی۔

