اوسلو (زنیر چوہدری سے) دنیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ “ناروے کپ” میں پاکستان کی بیٹر فیوچر گرلز ٹیم نے اپنی تاریخ کی پہلی بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ناروے کے فٹبال کلب سولا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی۔
انڈر 15 کیٹگری میں کھیلے گئے اس تاریخی میچ میں پاکستانی ٹیم کی راحیلا، نائلہ فضل اور انوشہ نے شاندار کارکردگی دکھائی، جبکہ فیصلہ کن گول پینلٹی کے ذریعے کیا گیا۔
کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ نارویجین کلب سولا نے ابتدائی گول کر کے 0-1 کی برتری حاصل کی، تاہم پاکستان کی راحیلا نے خوبصورت گول کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔ سولا نے دوبارہ برتری حاصل کرتے ہوئے اسکور 1-2 کر دیا، لیکن پاکستانی ٹیم نے ہار تسلیم نہ کی اور نائلہ فضل نے گول کر کے میچ کو 2-2 سے برابر کر دیا۔
فیصلہ کن موڑ اس وقت آیا جب پاکستان کو ایک اہم پینلٹی ملی، جسے ٹیم نے گول میں کامیابی سے بدل کر 2-3 کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کے آخری لمحات میں سولا کو بھی پینلٹی ملی، لیکن پاکستان کی گول کیپر انوشہ نے شاندار سیو کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی کسی گرلز فٹبال ٹیم نے بین الاقوامی سطح پر ناروے کپ جیسے معتبر ایونٹ میں شرکت کی اور فتح حاصل کی۔یہ کامیابی نہ صرف ایک میچ کی جیت ہے بلکہ پاکستان میں خواتین کے کھیلوں کیلئے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہےاور مستقبل میں نوجوان لڑکیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کیلئےایک نئی امید فراہم کرتی ہے۔

