وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی جی ایس پی پلس کے معاملے پر یورپین کونسل کے صدر سے بات چیت

برسلز (نامہ نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا سے ملاقات میں جی ایس پی پلس کی آئندہ جائزہ کارروائی، تجارت اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ہوئی۔جی ایس پی پلس حیثیت پاکستان کو 2014 میں یورپی یونین نے دی تھی، جس کے بعد یورپی منڈیوں میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 108 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اکتوبر 2023 میں یورپی پارلیمنٹ نے اس حیثیت میں مزید چار سال (2027 تک) توسیع کی منظوری دی تھی۔ آئندہ مانیٹرنگ مشن، جسے ایران۔اسرائیل کشیدگی کے باعث مؤخر کیا گیا تھا. پاکستان کے اُن 27 بین الاقوامی کنونشنز پر عمل درآمد کا جائزہ لے گا جن سے جی ایس پی پلس کی سہولت مشروط ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے جی ایس پی پلس، دوطرفہ تجارت، اقتصادی تعاون، اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں کثیرالجہتی تعاون کے لیے مضبوط عزم کا اعادہ کیا گیا اور پاکستان۔یورپی یونین تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاکستان کے لیے یورپی یونین کی دوطرفہ اور کثیرجہتی حمایت کو سراہا، جبکہ دونوں فریقین نے باہمی ترجیحات کو آگے بڑھانے، تعاون کو مزید گہرا کرنے اور متعدد شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے بعد تین روزہ دورے پر بیلجیم پہنچے ہیں، جہاں وہ پاکستان۔ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ یہ ڈائیلاگ دونوں فریقین کے درمیان سب سے اعلیٰ ادارہ جاتی فورم ہے۔دوسری جانب یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کروبلس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئندہ جائزہ سے قبل پاکستان کو جی ایس پی پلس کنونشنز پر عمل درآمد کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔