کوالالمپور(نمائندہ خصوصی+اے ایف پی )ایشین جونئیر اسکواش چیمپئن شپ میں میچ ہارنے کے بعد نازیبا اشارہ کرنے پر پاکستانی کھلاڑی مہوش علی کو چھ ماہ کی معطلی کی سزا دے دی گئی ہے۔ ایشین اسکواش فیڈریشن نے غیرمناسب رویے پر کارروائی کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔
پاکستانی جونئیر اسکواش کھلاڑی مہوش علی کو گزشتہ ہفتے ملائیشیا میں جاری ایشین جونئیر اسکواش چیمپئن شپ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا کا سامنا کرنا پڑا۔ مہوش علی نے راؤنڈ آف 16 کے میچ میں ہانگ کانگ کی حریف کھلاڑی سے شکست کے بعد نہ صرف روایتی طریقے سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا بلکہ غصے میں آ کر نازیبا اشارہ بھی کیا۔
ایشین اسکواش فیڈریشن نے اس حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے مہوش علی پر چھ ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔ فیڈریشن کی ضابطہ اخلاق کمیٹی کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے عالمی اصولوں اور شائستگی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدام ناگزیر تھا۔پاکستان اسکواش فیڈریشن نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہوش کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا ہے اور فیڈریشن کی جانب سے معذرت پیش کی گئی ہے۔

